Sunday, September 8, 2024

پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ
July 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں شیریں مزاری کا کہنا ہے عمران خان کے خلاف کچھ نہیں مل رہا تو فیملی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود فون ٹیپ کرنا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ اس ساری گفتگو کو کٹ پیسٹ کیا گیا، بہرحال اس میں کوئی سیاسی بات نہیں۔ یہ سب کچھ سازش چھپانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ کہا کہ مریم نواز کو کس حیثیت سے سرکاری ڈاکومنٹس دکھائے جارہے ہیں؟

شیریں مزاری بولیں کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی بھی ہوسکتی ہے کیونکہ شریف خاندان کے اسکے ساتھ تعلقات ہیں، اگر ایسا کچھ ہوا تو لوگ شہید ہوں گے۔

ادھر فواد چودھری بولے آئی ایم ایف نے کرپشن کے خلاف قوانین ٹھیک کرنے کا کہا تو حکومت نے انکار کردیا، جہاں عوام پر ٹیکس لگنا تھا وہ شرطیں مان لیں۔ لوڈ شیڈنگ برھتی جارہی ہے کیونکہ ان کے پاس فیول منگوانے کے پیسے نہیں۔ کہا جارہا ہے عید پر بھی لوڈشیڈنگ ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ انہوں نے نیب ترامیم کرکے 11 سو ارب کا این آر او ٹو لیا۔ پانچ ہزار کروڑ اومنی گروپ میں آصف زرداری کو این آر او ٹو دیا گیا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ فرح بی بی پر بھی الزامات لگائے جارہے ہیں، آپ مقدمہ کریں تاکہ وہ جواب دیں۔ بولے کہ جہاں فرح بی بی کو ایک پلاٹ ملا وہیں، ایاز صادق کو دو پلاٹ ملے، کیا ایاز صادق بھی فرح بی بی کے پارٹنر ہیں؟