Monday, May 6, 2024

پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی

پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی
April 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ تحریک انصاف کے وکیل کی تمام جماعتوں کے کیس اکٹھے سننے کی درخواست مسترد ہو گئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی ۔ تحریک انصاف کے وکیل  انور منصور نے  کیس کا فیصلہ  ایک ماہ میں کرنے سے روکنے کا  اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ پیش کرتے ہوئے التوا کی استدعا کی۔

انور منصور نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کو 3 تین ماہ کی تاریخ دی جا رہی ہے۔ ہمارے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تینوں کیسز ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ کسی پارٹی کے کیس میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ  آپ جو مرضی آرڈر دیں لیکن میں آج دلائل نہیں دونگا۔ جب تک باقی کیسز اس لیول پر نہیں آئیں گے۔ یہ کیس نہیں چل سکتا۔ ہمارے دستاویزات درخواستگزار کو دیے گئے جبکہ ہمیں دوسری پارٹیوں کے دستاویزات نہیں دیے جا رہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کمیشن کو عدالت نے اس کیس پر پیش رفت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن کیس پر کارروائی جاری رکھے گا۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے  کمیشن کو  عید کے بعد ایک ہفتے میں دلائل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ الیکشن کمیشن  نے اکبر ایس بابر  کے  وکیل احمد حسن کی جانب سے  التوا کی استدعا پر اعتراض مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔