Thursday, April 25, 2024

پی ایس ایل کا لاہور میں میلہ سجنے کو تیار، ٹیموں کی لاہور آمد

پی ایس ایل کا لاہور میں میلہ سجنے کو تیار، ٹیموں کی لاہور آمد
February 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پی ایس ایل سیون کے دوسرے مرحلہ میں ٹیموں کی لاہور آمد ہو گئی۔ قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

دوسرے مرحلے کےانعقاد کے لیے لاہور میں انتظامات مکمل کر لیئے گئے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔ سڑکوں کو کھلاڑیوں کی تصاویر اور ہورڈنگز سے سجا دیا گیا ۔ قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا۔

پاکستان سپرلیگ میں دو دن آرام کے بعد تیسرا مرحلہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہو گا۔ پی ایس ایل کے لیے سڑکوں پر خیرمقدمی بینر لگا دیئے گئے۔ پشاور زلمی کی ٹیم  کراچی سے لاہور کے لیے سفرمیں تھی تو کھلاڑی ایک دوسرے سے شرارتیں کرتے رہے۔

تماشائیوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ 15 فروری تک 50 فیصد اور اس کے بعد 100 فیصد شائقین اسٹیڈیم آ سکیں گے۔ 12سال سے کم عمرکے بچے بھی اسٹیڈیم آ سکیں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے ملاقات کی۔ میچز کے دوران میچز منتظمین و شائقین کو کووڈ ماسکس فراہم کرنے کے لیے کمشنر لاہور اور پی سی بی حکام کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ ویئرز ماسک مہم کے تحت پی سی بی کو ایک لاکھ ماسک فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ اسپورٹس پنجاب کے تعاون سے پی ایس ایل سیون کیلئے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بیڈز پر مشتمل عارضی اسپتال قائم کر دیا گیا۔