پُرانے سیاستدان سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں بدل چکے، بلاول بھٹو
دیر بالا (92 نیوز) - چیئرمین پیپلزپارٹٰی بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ پُرانے سیاستدان سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں بدل چکے، نہیں معلوم ہے کہ ہمارے بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں؟
منگل کے روز دیر بالا میں جلسے سے دھواں دار خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے مہنگائی لیگ کا چہرہ بھی دیکھ لیا، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا، کیا پی ٹی آئی یا نون لیگ کی حکومت نے غریبوں کو کوئی فائدہ پہنچایا؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کہا ہم پہلے سیاست میں مداخلت کرتے تھے اب نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے اس بیان کا خیر مقدم کیا تھا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی مزید بولے کہ ہم نے کراچی کے ہر اسپتال میں دل کے یونٹس بنائیں ہیں، اگر تنخواہ اور پنشن میں اضافہ ہوا ہے تو صرف اور صرف پیپلزپارٹی کے دور میں ہوا ہے۔ تھر میں شرح اموات بہت زیادہ تھے، بہت غربت تھی، ہم نے تھر کے لیے منصوبے شروع کیے، تھر کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیے، تھرکول منصوبہ شروع کیا، جس سے روزگار کے مواقع میسر آئے۔