Saturday, May 4, 2024

پی پی او قانون کے مطابق مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر ممانعت ہے، وکیل انور منصور خان

پی پی او قانون کے مطابق مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر ممانعت ہے، وکیل انور منصور خان
April 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا پی پی او قانون کے مطابق ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر ممانعت ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ  کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں ٍپیش ہوئے ۔ انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیسہ باہر سے آیا لیکن ممنوعہ فنڈنگ کا الزام غلط ہے۔ کسی بھارتی شہری سے کوئی فنڈنگ نہیں لی۔ بیرون ملک سے جتنا پیسہ بھی آیا سب ظاہر کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی نے پی پی او قانون کے سیکشن 6 کی غلط تشریح کی۔ سکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ جس قانون کے تحت بنائی اس کا وجود ہی نہیں۔ الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیئے لڑ رہے ہیں جبکہ عمران خان پاکستان سے لڑ رہا ہے۔ ایک سیاسی جماعت کی غیر قانونی فنڈنگ ہوتی ہے جو ملک کے خلاف سازش ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ  آئین کہتا ہے کہ 90 دن میں انتخابات کرائیں۔ الیکشن کمیشن  کہتا ہے کہ  ہم تیار نہیں۔ ہمارا مطالبہ فی الفور شفاف انتخابات کا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ غلاموں کو ایبسلیوٹلی ناٹ پسند نہیں آیا ۔ کل امریکہ اور بھارت  نے ڈومور کا مطالبہ کیا۔ ہمارے کرائم منسٹر کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ انکی جانب سے  کوئی جواب نہیں آیا۔