Sunday, September 8, 2024

پی ڈی ایم کا لانگ مارچ 23 مارچ کو ہی ہو گا، مولانا فضل الرحمن

پی ڈی ایم کا لانگ مارچ 23 مارچ کو ہی ہو گا، مولانا فضل الرحمن
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے تاریخ تبدیل نہیں ہو گی ۔ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ 23 مارچ کو ہی ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم سربراہی اجلاس ہوا۔ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور بلال کیانی شریک ہوئے۔ نیشنل پارٹی کے عبدالمالک، آفتاب شیرپاؤ، اویس نورانی بھی شریک ہوئے۔ حافظ عبدالکریم، صدیق الفاروق، حافظ حمداللہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا پاکستان کا کرپشن انڈیکس 117 سے 140 پر چلا گیا۔ ذرا حیا ہوتی تو حکمران چلو بھر پانی میں ڈوب مرتے لیکن یہ مشینوں کا سہارا لے کر ازسرنو دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔  حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے عوام نکلیں۔ ہر سیاستدان کو چور کہا ، ٹرانسپیرنسی نے ان کی مصنوعی ایمانداری کا آئینہ دکھا دیا۔

مولانا فضل الرحمان بولے حکومت اخلاقی طور پر اپنا وجود کھو چکی ہے۔ حکومتی اتحادی بھی عوام دشمن پالیسیوں کے باعث تذبزب کا شکار ہیں۔ اپوزیشن کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ سنجیدہ مزاکرات کرنے چاہیں۔ اتحادی جماعتوں کو اپنے موقف پر قائل کرنا چاہیے۔