Friday, April 26, 2024

پی ایس ایل سیون سیزن کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع

پی ایس ایل سیون سیزن کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع
January 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون سیزن کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی۔

پی ایس ایل سیون سیزن کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز آج سے ہوگیا، شائقین کرکٹ بک می ڈاٹ کام سے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے، درست کوویڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفیکٹ دیکھانا لازمی ہوگا، ایک شناختی کارڈ پر چھ ٹکٹیں خریدی جاسکیں گی۔

کم سے کم ٹکٹ 500 روپے اور زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے قیمت مقرر کی گئی ہے۔ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ افتتاحی میچ 27 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

17 جنوری تک بک کی جانے والی فرسٹ کلاس اور جنرل اسٹینڈز کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ان میں پلے آف یا فائنل کے ٹکٹ شامل نہیں ہوں گے۔

ٹکٹوں کی ادائیگی ایزی پیسہ، جاز کیش، کریڈٹ کارڈ، این آئی ایف ٹی کے ذریعے کی جاسکے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کو ہاسپٹیالٹی اسٹینڈز کا درجہ دیا گیا ہے، ان اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار سے سات ہزار روپے تک مقرر ہے۔

ایونٹ کے 6 ڈبل ہیڈرز کے ایام میں جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار جبکہ پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت اڑھائی ہزار اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔