Saturday, April 27, 2024

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم کا انڈیا کو پیغام

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم کا انڈیا کو پیغام
November 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر کبھی پہل نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جان بوجھ کر ایل اوسی پر اشتعال بڑھارہا ہے۔ بھارت کی لائن آف کنٹرول پر مسلسل جارحیت خطے میں امن کےلئے خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ پاک فوج نے کبھی پہل نہیں کی بلکہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے بتایا کہ بھارت اب تک 2003 مرتبہ سرحدی خلاف ورزی کرچکاہے۔ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 26 بے گناہ شہری شہید اور 107 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کو حالیہ امریکی انتخابات کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مستقبل میں بھی سٹریٹیجک سمیت بہتر تعلقات کا خواہاں ہیں۔