Friday, March 29, 2024

اپوزیشن کی تحریک ناکام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ بزدار کا ارکان پنجاب اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے

اپوزیشن کی تحریک ناکام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ بزدار کا ارکان پنجاب اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے
February 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن کی تحریک ناکام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ بزدار کا ارکان پنجاب اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔

اپوزیشن کے متحرک ہونے، لانگ مارچ اور عدم اعتماد لانے کے معاملہ پر وزیراعلیٰ پنجاب متحرک ہوگئے۔ تمام ارکان پنجاب اسمبلی کواعتماد میں لیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پی ٹی آئی کے ارکان اور اتحادیوں سے خود ملاقاتیں کریں گے اور مسائل حل کروائیں گے۔ صوبائی وزرا، بیوروکریسی کو ارکان پنجاب اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ہدایت کردی۔ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنانے کے لئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ادھر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی، باہمی دلچسپی کے اُمور، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ استعفوں سے راہ فرار اختیار کرنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا۔ ساری اپوزیشن اول تو ایک ہو نہیں سکتی، ہو بھی جائے تو بھی وزیراعظم عمران خان کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ اپوزیشن پرعوام عدم اعتماد کا اظہار کر چکے، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایلیویٹڈ ایکسپریس منصوبے سے متعلق اجلاس میں ایل ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کو جلد شرو ع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے عوام کو موٹروے تک آسان رسائی ممکن ہوگی، کینال او رملتان روڈ پردباؤ کم ہوگا، شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔