Thursday, October 6, 2022

چند دنوں میں مخالفوں کا سیاسی مستقبل ختم ہوجائے گا: نوازشریف

چند دنوں میں مخالفوں کا سیاسی مستقبل ختم ہوجائے گا: نوازشریف
پھول نگر(92نیوز)وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ  حکومت  نہ صرف پانچ سال مکمل کرے گی بلکہ آئندہ بھی اسی کی حکومت ہو گی ، سی پیک سے تمام صوبوں میں یکساں ترقی ہو گی  سیاسی مخالفین اسی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں آج کا پاکستان دو ہزار تیرہ کے پاکستان سے بہت بہتر ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہی نہیں ہوگی بلکہ بجلی سستی بھی ہو جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پھول نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  حکومت کے خاتمے کی بات کرنے والوں کو دو ٹوک پیغام دیا اور کہا کہ عوام مطمئن رہے حکومت پانچ سال پورے کرے گی ۔ وزیراعظم نے کپتان کے مستقبل کی پیش گوئی بھی کر دی کہتے ہیں کہ چند دنوں میں عمران خان کا سیاسی مستقبل ختم ہو جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے دھواں دھار خطاب میں جہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی بات کی وہیں بجلی سستی ہونے کی نوید بھی سنائی۔ وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو کھری کھری سناتے ہوئے اُنہیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے تمام صوبوں میں یکساں ترقی ہو گی۔ نوازشریف نے  جہاں پھول نگر کے لئے  سوئی گیس اور نہری پانی کے منصوبوں کے لئے خطیر رقم کا اعلان کیا وہیں کرکٹ ، ہاکی اور فٹ بال کے گراؤنڈ بنانے کا بھی وعدہ کیا  اور کہا کہ وہ نہیں دنیا بھی کہہ رہی ہے کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے ۔