Saturday, April 20, 2024

اوپیک اجلاس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

اوپیک اجلاس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
September 29, 2016
کراچی (92نیوز) تیل پید اکرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے پیداوار کم کرنے کے فیصلے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں فوری اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق الجیریا میں ہونے والے اجلاس میں اوپیک نے غیر متوقع طور پر خام تیل کی پیداوار میں ساڑھے سات لاکھ بیرل یومیہ کمی کر دی۔ خبر کے منظر عام پر آتے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ ہو گیا۔ نیو یارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی بنچ مارک ڈبلیو ٹی آئی کے نومبر کے سودے دو ڈالر اڑتیس سینٹ اضافے سے سینتالیس ڈالر پانچ سینٹ میں ہوئے۔ یورپی منڈی میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کے سودے دو ڈالر بہتر سینٹ اضافے سے اڑتالیس ڈالر انہتر سینٹ پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسی طرح ایشیائی مارکیٹ میں فی بیرل تیل 47 ڈالر 5 سینٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔اوپیک کے اجلاس میں اوپیک کے ممبران تیل کی پیداوار کم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں جس کے بعد تیل کی یومیہ پیداوار 32 سے 33 ملین بیرل کے درمیان رکھی جائے گی۔ عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپیک کے فیصلے سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور آیندہ دنوں میں تیل کی فی بیرل قیمت 50 سے 60 ڈالر تک آنے کا امکان ہے۔