Friday, March 29, 2024

عوامی سواری موٹرسائیکل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی

عوامی سواری موٹرسائیکل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی
July 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - عوامی سواری موٹرسائیکل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی۔ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔

پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کے بعد عوامی سواری موٹرسائیکل کی قیمتیں بھی ایک بار پھر بڑھا دی گئیں۔ معروف  کمپنیوں اٹلس ہونڈا اور یاماہا نے قیمتوں میں5 سے 26 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا۔

ہنڈا 70 سی سی موئر سائیکل  5 ہزار روپے  مہنگی کی گئی ہے۔ ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 6 ہزار 500 سے بڑھا کر ایک لاکھ 11 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ہنڈا 100سی سی کی قیمت میں 6 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمت ایک لاکھ 44 ہزار 900 روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 50 ہزار 900 روپے کر دی گئی ہے۔ ہنڈا 125 سی سی 6 ہزار روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 68 ہزار 500 سے ایک لاکھ 74 ہزار 500 روپے ہو گئی۔ ہنڈا 150 کی قیمت میں 15 ہزار اضافہ، قیمت 3 لاکھ 12 ہزار 900 روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 27 ہزار 900 روپے کر دی گئی۔ یاماہا 125 کی قیمت 23 ہزار 500 روپے مہنگی کی گئی ہے۔ قیمت 2 لاکھ 31 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ 55 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔ وائی بی آر 125جی  کی قیمت 26 ہزار 500 روپے بڑھا دی گئی۔ 2 لاکھ  65 ہزار 500 روپے سے قیمت بڑھا کر 2 لاکھ 92 ہزار  روپے کر دی گئی۔

موٹرسائیکل ساز کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ خام مال کی قہمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسٹیل، براس، ایلومینیم، پلاسٹک  سمیت تمام مٹیریل  عالمی منڈیوں میں کئی گنا مہنگا ہو چکا ہے۔ اس لیے قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے۔