Thursday, March 28, 2024

عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں کردار ادا کرے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال

عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں کردار ادا کرے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال
September 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا ہے عوام نے ارکان اسمبلی کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں کردار ادا کرے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عوام نے ارکان اسمبلی کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے۔ پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اصل فریضہ ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے 13 ارب روپے جمع کیے۔ پی ٹی آئی ارکان اپنے حلقوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ  سیلاب متاثرین کے پاس پینے کا پانی ہے نہ کھانے کو روٹی۔ بیرون ملک سے لوگ متاثرین کی مدد کیلئے آ رہے ہیں۔ ملکی کی معاشی حالت بھی دیکھیں۔ گہرائی سے قانون کا جائزہ لیکر فیصلہ دیا ہے۔ اسپیکر کا اپنا طریقہ کار ہے۔ ہم کیسے مداخلت کر سکتے ہیں۔ اس قسم کی مداخلت عدالت کے لئے کافی مشکل کام ہے۔ ہائیکورٹ کے حکم میں واضح کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کی قانونی حیثیت ہے۔ بظاہر اسپیکر کے اختیار میں مداخلت سے آرٹیکل 69 متاثر ہو سکتا ہے۔ عدالت کو مطمئن کریں کہ ہائیکورٹ کے حکم میں کیا کمی ہے۔ ہر ادارے کی اپنی صلاحیت ہوتی ہے۔ عام انتخابات کیلئے پورا نظام ہوتا ہے۔ ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ بھی کم ہوتا ہے۔

عدالت نے تحریک انصاف کو مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کیخلاف کیس تیار کرنے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔