Monday, September 16, 2024

عوام کی خدمت کی سوچ ہو تو اتحادی حکومت بھی چل سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

عوام کی خدمت کی سوچ ہو تو اتحادی حکومت بھی چل سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
August 10, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے پرائم منسٹر ہاؤس کے عملے اور وفاقی سیکرٹریز سے الوداعی ملاقاتیں کرلیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج قومی یکجہتی اور اتفاق کی جتنی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی پرائم منسٹر ہاؤس چھوڑنے سے پہلے الوداعی ملاقاتیں جاری ہیں، وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے خطاب کیا اور ساتھ لے کر چلنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم رحلت فرما گئے تو بدقسمتی سے ہم راستے سے بھٹک گئے، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی طرف لے جانا ہے، آج جتنی قومی یکجہتی اور اتفاق کی ضرورت ہے،، پہلے کبھی نہ تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وسائل کو غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے استعمال کریں تو قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، انہوں نے اپنے دور میں وسائل بچانے کی ہرممکن کوشش کی۔

وفاقی سیکرٹریز سے ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو نہ جانے کتنی تباہی ہوتی، پختہ سوچ ہو تو اتحادی حکومتیں بھی چل سکتی ہیں، پیش آنے والی مشکلات کو ایک سبق کی طرح یاد رکھیں گے، بدقسمتی سے اچھا کام کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، نگران وزیراعظم کی تعیناتی پر بھی ملاقات میں غور ہوا۔

وزیراعظم شہبازشریف کل (11 اگست) کو گلگت بلتستان جائیں گے، جہاں وہ شندور ایکسپریس وے، ریجنل گرڈ فیز ون، شغرتھنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔