Friday, April 26, 2024

عوام کو سیاست کیلئے نہیں انقلاب کیلئے اسلام آباد بلا رہا ہوں، عمران خان

عوام کو سیاست کیلئے نہیں انقلاب کیلئے اسلام آباد بلا رہا ہوں، عمران خان
May 13, 2022 ویب ڈیسک

مردان (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عوام کو سیاست کے لیے نہیں انقلاب کے لیے اسلام آباد بلارہا ہوں۔

جمعہ کو مردان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے سب کو ملکر کوشش کرنی ہے۔ بولے لندن میں بیٹھے مفرور ڈاکو نے ملک اور قوم کی قیادت نہیں کرنی، عوام فیصلہ کریں گے کہ ملک کی قیادت کون کر ے گا۔

عمران خان نے آصف زرداری اور فضل الرحمان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا کے نوکر یا غلام نہیں، بوٹ پالش کرنے والا شہبازشریف اور آصف علی زرداری غلام ہیں۔ نوازشریف سے زیادہ بزدل آدمی زندگی میں نہیں دیکھا، یہ امریکا کا غلام ہے۔ اپنے دینی علماء کی عزت کرتا ہوں، ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والے کو مولانا نہیں کہہ سکتا، فضل الرحمٰن نے امریکی سفیر این پیٹرسن سے کہا مجھے موقع دیں میں آپ کی زیادہ بہتر خدمت کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب اسلام آباد بلاؤں گا تو خوف کی زنجیریں توڑ کر آنا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مجھے کہا جاتا ہے آپ کی زندگی کو خطرہ ہے، میرا اللہ پر ایمان ہے جب وقت آجائے تو ایک منٹ آگے ہوتا ہے نہ پیچھے، مسلمان موت سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے میرے خلاف میڈیا پر مہم چلائی، میری کردار کشی کی لیکن عزت دینے والا اللہ ہے۔ کوئی انسان آپ کو ذلیل نہیں کرسکتا نہ ہی عزت دے سکتا ہے۔