Saturday, May 18, 2024

عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، مزید امتحان نہ لیا جائے، عمران خان

عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، مزید امتحان نہ لیا جائے، عمران خان
July 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، مزید امتحان نہ لیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پی ٹی آئی کی اکثریت کو تکنیکی بنیادوں پر شکست کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم سےاپنےروابط اور حقیقی آزادی کی میری پکار پر انکے جواب کے بعد میں کامل یقین سے یہ کہہ سکتاہوں کہ عوامِ پاکستان پہلے ہی بہت کچھ سہہ چکے ہیں چنانچہ اب ان مافیاز کو لوٹ مار کا سلسلہ برقرار رکھنے کی قطعاً اجازت نہیں دینگے۔

اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کی طرح ہم اس صورتحال سے زیادہ دور نہیں جب ہمارے لوگ سڑکوں پر امڈ آئینگے۔‏30 برسوں سے زائد مدت میں پاکستان کی لوٹ کھسوٹ سے جمع کی گئی اپنی غیرقانونی دولت بچانے کیلئے زرداری و شریف مافیا نے صرف 3 ماہ سے کچھ ہی زائد عرصے میں ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے۔

عمران خان نے سوال پوچھا ہے کہ ریاستی ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے؟ دوسری طرف عمران خان کی کال پر گزشتہ شب سے ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب میں مینڈیٹ چھین جانے پر پی ٹی آئی کے کارکنان میں غم و غصہ ہے۔