Friday, April 26, 2024

نظامِ عدل اپنی توجہ بارسوخ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، عمران خان

نظامِ عدل اپنی توجہ بارسوخ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، عمران خان
July 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نظامِ عدل اپنی توجہ بارسوخ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے۔

ملک بھر کی اہم بار ایسوسی ایشنز کے صدور کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے چیئرمین عمران خان کے ویژن اور تحریک انصاف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ملک میں قانون کی عملدراری، ریاستی اداروں کے مابین اختیارات کی دستوری تقسیم اور جمہوری اقدار کی کیفیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مقتدر سیاسی اتحاد کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے ججز کیخلاف نفرت آمیز مہم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں دستور و جمہوریت کی بقاء و استحکام کیلئے اشتراکِ عمل کی مختلف جہتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قومی ترقی کے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔ تحریک انصاف عدل و انصاف کے قیام کیلئے گزشتہ 26 سال سے سیاسی میدان میں متحرک ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 8 مارچ کو ڈالر 178 روپے تھا جو اب 250 تک پہنچ گیا ہے، سوال یہ ہے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔