Friday, April 26, 2024

نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی 4 روپے 34 پیسے مہنگی کردی

نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی 4 روپے 34 پیسے مہنگی کردی
September 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مہنگائی کے ستائےعوام کو مزید جھٹکے، نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی چار روپے چونتیس پیسے مہنگی کردی۔

مہنگائی کے ستائے بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر ہے، ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 34 پیسے مہنگی کردی گئی۔ صارفین پر ایک ماہ کیلئے 59 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

سی پی پی اے نے بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جب پر نیپرا نے 31 اگست 2022 کو ایف سی اے پر سماعت کی تھی جس پر اتھارٹی نے فیصلہ جاری کردیا۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اضافی وصولیاں ستمبر کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔

بجلی مزید مہنگی ہونے کی خبر سن کر شہر تلملا اُٹھے، شہریوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا اضافہ ظلم قرار دیے دیا۔

صارفین کا کہنا ہے مہنگائی کی چکی میں پہلے ہی پِس رہے ہیں۔ حکومت اب بس کرے بجلی کے بل بھرنے کی اب سکت نہیں رہی۔