Thursday, April 25, 2024

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا
January 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جمعرات کو بجلی کی قیمت میں 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا۔ 

منی بجٹ کے شور میں حکومت نے چپکے سے عوام پر بجلی بھی گرادی۔ نیپرا نے بجلی کا ایک یونٹ 4 روپے 30 پیسے مہنگا کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، اضافی وصولیاں جنوری کے بلوں میں کی جائیں گی، جبکہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 116 فیصد یعنی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافے سے 36 ارب روپے کے اضافی فنڈز حاصل ہوں گے۔

200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو جنوری میں اضافی 860 روپے، 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو اضافی 1290 روپے، 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کو اضافی 1720 روپے اداکرنا ہوں گے۔ 500 یونٹ استعمال کرنے والے اپنے بلوں میں اضافی 2150 روپے ادا کریں گے۔