Thursday, March 28, 2024

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آخری میچ میں 2 وکٹ سے شکست دے دی، سیریز بھی 1-2 سے جیت لی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آخری میچ میں 2 وکٹ سے شکست دے دی، سیریز بھی 1-2 سے جیت لی
January 14, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آخری میچ میں 2 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز بھی 1-2 سے جیت لی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 280 رنز بنائے، شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، 21 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم بھی صرف 4 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کیلئے 154 رنز کی شراکت داری قائم کی، محمد رضوان 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 122 گیندوں پر 101 رنز بنا ئے۔

حارث سہیل نے 22،آغا سلمان نے 45 رنز بنائے، کیویز کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 اور لوکی فرگیوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ نے 281 رنز ہدف کے جواب میں محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 43 رنز پر گری، فن ایلن  طیب طاہر کی  تھرو پر رن آؤٹ ہوئے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کونوے 52 اور کپتان کین ولیمسن 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے 181 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے پر میچ پاکستان کے ہاتھ میں آتا ہوا دکھائی دیا، تاہم 7 ویں نمبر پر آنے والے  کیوی بیٹر  گلین فلپس نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی تیز اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل محمد حسنین اور حارث رؤف کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے، آغا سلمان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، کیوی بیٹر گلین فلپس کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا جبکہ ڈیون کونوے کو سیریز کے تین میچوں میں 153 رنز بنانے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔