کراچی (92 نیوز) - پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا، نیوزی لینڈ کو میچ اور سیریز جیتنے کیلئے آخری روز 8 وکٹیں جبکہ پاکستان کو 319 رنز درکار ہیں۔
نیوزی لینڈ نے 5 کھلاڑی آؤٹ 277 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کی تو اسے مجموعی طور پر 318 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی جبکہ چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے میں 3 اوورز باقی تھے۔
چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 319 رنز ہدف کے تعاقب میں بغیر کوئی رن بنائے دو وکٹیں گنوا دی تھیں، پاکستان کو پہلا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں ہوا جو ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ بھی صفر پر ہی گری جب نائٹ واچ مین میر حمزہ بھی ایش سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں ٹام لیتھم 62، کین ولیمسن 41، اور ٹام بلنڈل 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مائیکل بریس ویل 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ،میر حمزہ،ابرار احمد،حسن علی اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔