Monday, May 6, 2024

نیول چیف کی ترکیہ، جرمنی اور آذربائیجان کی عسکری قیادت سے ملاقات

نیول چیف کی ترکیہ، جرمنی اور آذربائیجان کی عسکری قیادت سے ملاقات
December 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ترکیہ،جرمنی اور آذربائیجان کا دورہ کیا۔ دوروں کے دوران نیول چیف نے میزبان ممالک کی عسکری اور بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورہ ترکیہ کے دوران نیول چیف نے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقدہ پاکستان نیوی ملجم کلاس کارویٹ پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردگان نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں بیگم چیف آف دی نیول اسٹاف، بیگم عامرہ امجد کو جدید ترین پی این ایس خیبر لانچ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

جرمن وزارت دفاع آمد پر جرمن بحریہ کی جانب سے چیف آف دی نیول اسٹاف کا پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نیول چیف نے انسپیکٹر آف جرمن نیوی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے جرمن نیوی کے جہاز اور ولہم شیون نیول بیس کا دورہ کیا جہاں انہیں جرمن بحری بیڑے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 بعد ازاں، باکو آمد پر نیول چیف کو میزبان بحریہ کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر نیول چیف نے کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز اور وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف سے ملاقات کی۔ امیرالبحر نے بلیو اکانومی اور ممالک کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے میزبان بحریہ کو مشق امن 2023 اور پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC-23) میں شرکت کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے ملٹری یونٹ اور آذربائیجان ہائر ملٹری اسکول کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ فیکلٹی سے ملاقات کی۔

توقع ہے کہ نیول چیف کے حالیہ دوروں سے ان ممالک کے مابین بالعموم اور مسلح افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔