Sunday, May 19, 2024

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی سے کمانڈر کینیا نیوی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون سمیت اہم اُمور پر گفتگو

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی سے کمانڈر کینیا نیوی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون سمیت اہم اُمور پر گفتگو
January 31, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جمسن لانگریو متائی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر کینیا نیوی کے سربراہ نے یادگارِشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جس کے بعد نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔

بعد ازاں، کمانڈر کینیا نیوی نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولنگ کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کی فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ کمانڈر کینیا نیوی کو پاک بحریہ کے کردار اور ذمہ داریوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

توقع ہے کہ کمانڈر کینیا نیوی کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔