Saturday, April 20, 2024

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی اور سربراہ رائل ملائیشین نیوی کا باہمی دلچسپی اُمور پر تبادلہ خیال

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی اور سربراہ رائل ملائیشین نیوی کا باہمی دلچسپی اُمور پر تبادلہ خیال
September 12, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سینی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ کو روائتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سینی کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سینی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔