Tuesday, April 23, 2024

نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر امریکا اور چین میں سفارتی کشیدگی میں اضافہ

نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر امریکا اور چین میں سفارتی کشیدگی میں اضافہ
August 3, 2022 ویب ڈیسک

تائی پے سٹی (92 نیوز) - نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر امریکا اور چین میں سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے موقع پر چین اور امریکا میں کشیدگی بڑھ گئی۔ چینی بحریہ بھی الرٹ ہو گئی۔ امریکا نے بھی تائیوان کے قریبی پانیوں میں اپنے جنگی جہازوں کے گشت کی تصدیق کر دی۔ تائیوان کی فضائیہ بھی ممکنہ چینی کارروائی کے پیش نظر الرٹ ہے۔

چینی وزیرخارجہ نے نینسی پلوسی کے دورہ کو شیطانی قرار دے دیا۔ امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کرکے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر وضاحت مانگ لی گئی۔ چین کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کیلئے اچھا ثابت نہیں ہو گا۔

چین نے تائیوان کے 35 فوڈ ایکسپورٹرزکی درآمدات معطل کر دیں۔ چینی اقدام سے 2 ہزار تائیوانی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں۔

ادھر روس اور شمالی کوریا نے بھی چینی موقف کی حمایت کر دی۔ شمالی کوریا  کا کہنا ہے پلوسی  کا دورہ تائیوان چین کے معاملات میں کھلی مداخلت اور علاقائی سالمیت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ شمالی کوریا چین کے ساتھ کھڑا  ہے۔ روس نے بھی پلوسی کے دورہ کو اشتعال انگیزی قرار دے دیا۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین  کو اپنی خو دمختاری کے تحفظ کیلئے کارروائی کا حق حاصل  ہے۔

دوسری طرف  وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ  میں  کہا کہ کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں۔ چین نے فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا تو امریکا کا جواب نہیں دے گا تاہم چین کے جارحانہ اقدامات کے غیر ارادی نتائج ہو سکتے ہیں۔

ادھر نینسی پلوسی نے  تائیوان کی پارلیمینٹ سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اور تائیوان کے درمیان پارلیمانی  وفود  کے تبادلے کو بڑھانا چاہتی ہیں۔