Monday, May 6, 2024

نئے سال کا جشن، کراچی میں ہوائی فائرنگ سے کمسن بچے سمیت 22 افراد زخمی

نئے سال کا جشن، کراچی میں ہوائی فائرنگ سے کمسن بچے سمیت 22 افراد زخمی
January 1, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - نئے سال کا جشن، کراچی والے پولیس کے سخت احکامات بھی خاطر میں نہیں لائے، شہر بھر میں ہوائی فائرنگ کرتے رہے، فائرنگ سے کمسن بچے سمیت بائیس افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت اٹھارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

نئے سال کا جشن، شوخی مارنے کا فیشن، شہریوں نے پولیس کے سخت احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں، کھلے مقامات، گلیوں اور سڑکوں پر شہری اسلحہ لہرا کر ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔ گولیاں لگنے سے شہر بھر میں بائیس افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت اٹھارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ ملزمان کو دھرلیا۔

ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار نے تمام علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی میں ہوائی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

لانڈھی پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

مبینہ ٹاؤن سے ہوائی فائرنگ کرنےوالا سکیورٹی گارڈ اور فیروزآباد سے ایک شہری پکڑا گیا۔ آرام باغ پولیس نے بھیڑ کے درمیان ہوائی فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو دھرلیا۔