Friday, April 26, 2024

نئے پارلیمانی سال پر صدرعارف علوی کا پارلیمنٹ سے خطاب دنیا کے سامنے مذاق بن گیا

نئے پارلیمانی سال پر صدرعارف علوی کا پارلیمنٹ سے خطاب دنیا کے سامنے مذاق بن گیا
October 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نئے پارلیمانی سال پر صدرِمملکت عارف علوی کا پارلیمنٹ سے خطاب دنیا کے سامنے مذاق بن گیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹرز اپنے صدر کا خطاب سننے ہی نہ آئے، حکومتی ارکان نے بھی اجلاس سے واک آؤٹ کردیا، صدرِمملکت چند ارکان اور خالی کرسیوں کے سامنے تقریرکرتے رہے۔

یہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہے جہاں صدرِمملکت تقریبا خالی ایوان سے خطاب کرتے رہے۔

صدرمملکت کا خطاب سننے کے لیے دنیا بھر کے سفراء اور سفارتی شخصیات آئیں اور مہمانوں کی گیلری کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔ مگر جن کے لیے خطاب تھا یعنی ارکان پارلیمنٹ صرف وہ موجود نہیں تھے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے اپنے صدرکا خطاب سننے کے لیے پارلیمنٹ آنا ہی گوارانہ کیا، وزیراعظم اور اہم وزراء بھی اجلاس کے لیے حاضرنہ ہوئے، کچھ حکومتی ارکان آئے تو سہی مگر کچھ دیر شور شرابے کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

اجلاس سے واک آؤٹ کرنے والے حکومتی ارکان کا مؤقف تھا کہ موجودہ صدر نے اسمبلی اور آئین توڑا اب یہ کس منہ سے خطاب کرنے آئے ہیں۔

ہیڈ آف سٹیٹ کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران احتجاج تو معمول کی بات ہے جو عام طور پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کرتے ہیں مگر حکومتی ارکان کا صدر کی تقریر کے دوران احتجاج اور واک آؤٹ پارلیمانی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے۔