Thursday, March 28, 2024

نیب قانون کے خلاف تحریک انصاف کا یوم سیاہ

نیب قانون کے خلاف  تحریک انصاف کا یوم سیاہ
June 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نیب قانون میں ترامیم کے خلاف پی ٹی آئی کا آج یومِ سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا اپنے ٹویٹ پیغام میں کہنا ہے این آر او ٹو دیکر نظام احتساب کو باضابطہ دفن کردیا گیا۔ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا۔ مزید کہا کہ مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے لکھا کہ ہمارےرسولِ محترم ﷺ کےفرمان کا مفہوم ہے کہ تباہی ان معاشروں کا مقدر بنتی ہے جہاں کمزور کی پیٹھ پر تو تعزیر کا کوڑا برستا ہے مگر طاقتور قانون کی پہنچ سے دور رہتے ہیں۔ آج نیب کے اس ترمیم شدہ قانون کے ساتھ ہم وائیٹ کالر کرائم کے مجرموں کو احتساب سے مبرّا کرتے ہوئے تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ اس مجرم مافیا کو این آر او ٹو ملے گا اور نیب کے زیرِتفتیش 1200 ارب میں سے 1100 ارب مالیت کے مقدمات اب نیب کے دائرۂ کار سے نکل جائیں گے۔ تاریخ پاکستان کیخلاف اس سازش کے منصوبہ سازوں، اسے کامیاب بنانے والوں کو فراموش کرے گی نہ ہی کبھی معاف کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری بولے نیب ترامیم سے شریف اور زرداری فیملی کو براہ راست فائدہ پہنچایا گیا، بارہ سو میں سے گیارہ سو ارب کے کیسز نکل چکے ہیں۔