Monday, May 6, 2024

نیب نے نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں احسن اقبال کی بریت کی مخالفت کر دی

نیب نے نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں احسن اقبال کی بریت کی مخالفت کر دی
April 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی پراجیکٹ ریفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی ‏بریت کی ‏مخالفت کر دی۔

‎اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے ‏وفاقی ‏وزیر احسن اقبال کی نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں ‏بریت کی درخواست ‏پرسماعت کی۔ ‏نیب نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بریت کی اپیل مسترد ‏کرنے کی استدعا کر دی۔

‏چیف جسٹس نے ‏استفسار کیا کہ ریفرنس میں احسن اقبال ‏پر الزام کیا ہے؟ نیب پراسیکیوٹرنے ‏کہا کہ احسن اقبال کیخلاف کرپشن کے ٹھوس ‏شواہد ہیں، تین گواہوں کے ‏بیانات ہوچکے ‏ہیں۔ احسن اقبال نے 73 کروڑ والے ‏منصوبے کا اسکوپ بڑھا کرتین ارب روپے کیا ‏اور اختیارات کا غلط استعمال ‏کرکے خزانے ‏کو نقصان پہنچایا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیب کے کتنے کیسز کالعدم قرار دیے کیونکہ ان ‏میں جرم ‏نہیں بنتا۔ نیب کا احتساب بلا تفریق نہیں ہے۔ نیب کو سیاسی ‏رہنماؤں کے ‏خلاف استعمال کیا ‏گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ منتخب نمائندے قابل احترام ہوتے ‏ہیں۔ جس دن سیاستدان تاریخ سے کچھ سیکھ لیں گے تو سب ٹھیک ‏ہو جائے گا۔ کیس ‏کی مزید ‏سماعت 11 مئی تک ‏ملتوی کر دی گئی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا ‏گفتگومیں کہا کہ جھوٹے کیس کے باعث ‏سپورٹس سٹی کمپلیکس میں کروڑوں ‏روپے کا سامان ضائع اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔ مخالفین پر کسی قسم ‏کے ‏جھوٹے مقدمے نہیں بنائے جائیں گے۔ کوئی بدعنوائی ہوئی تو قانون اپنا راستہ ‏خود ‏لے گا۔