Sunday, September 8, 2024

نون لیگ سے ڈیل کی باتیں بےبنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

نون لیگ سے ڈیل کی باتیں بےبنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
January 5, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے نون لیگ سے ڈیل کی باتیں بےبنیاد ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے صحافی کے سوال پر جواب میں کہا اس پر جتنی کم بحث کی جائے، ملک کیلئے بہتر ہے۔ جو ڈیل کی بات کرتا ہے اسی سے پوچھیں، ڈیل کے محرکات کیا ہیں، شواہد کیا ہیں۔ انہوں نے کہا اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایسے لوگ پہلے بھی ناکام ہوئے آئندہ بھی ہونگے۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال المیے کو جنم دے سکتی ہے۔ صورتحال براہ راست خطے پر اثر انداز ہو گی۔

 بعد ازاں میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سرحد پر باڑ کا مقصد لوگوں کو تقسیم کرنا نہیں، انھیں محفوظ بنانا ہے۔ سرحد پر باڑ اکھاڑنے کا واقعہ اتنا بڑا نہیں، معمولی ہے۔ افغان طالبان سے بات چیت میں باڑ کا معاملہ بھی شامل ہے۔ باڑ لگانے کے عمل میں ہمارے شہیدوں کا خون شامل ہے۔ کام 94 فیصد مکمل ہو چکا، ہم مکمل طور پر فوکسڈ ہیں ۔ باڑ کی تنصیب کا کام پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ یہ امن کی باڑ ہے اور جلد مکمل ہو گی۔ ایکا دکا واقعات کو بردباری سے طے کر لیں گے۔

انہوں نے کہا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز میں فروری 2021 میں رابطہ ہوا۔ 2021میں پاک بھارت سیز فائر رہا۔ پولیٹیکل ایجنڈے کے تحت بھارت الزامات لگاتا رہا۔ بھارتی ملٹری لیڈرشپ نے مختلف الزامات لگائے اور دھمکیاں دیں جو خاص سیاسی سوچ کی نشاندہی کرتی ہیں۔ بھارتی فوج جعلی انکاؤنٹر کرکے الزام پاکستان پر لگا رہی ہے۔ بھارت مذہبی انتہا پسندی کی طرف گامزن ہے۔ بھارتی اقدامات سے روایتی جنگ کا توازن متاثر ہو گا۔ بھارتی اقدامات سے خطے میں منفی اثرات آئینگے۔ ایسے جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ عالمی ممالک کی توجہ ہٹانا ہے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت ایل او سی پر کئی بے گناہوں کو شہید کر چکا ہے۔ بھارت نے وادی نیلم میں ایک اور فیک مقابلہ کیا۔ شبیر نامی مبینہ شدت پسند آج بھی زندہ اور اپنے گھر میں موجود ہے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ بھارت جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ عالمی جریدے نے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا ہے۔ کشمیر میں انسانی تاریخ کا بدترین محاصرہ ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے جس کےخلاف بھارت اور کشمیر کی مستند سیاسی قیادت ہی بول رہی ہے۔ 5 جنوری کے موقع پر کشمیریوں کے استصواب رائے کی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔