Friday, April 26, 2024

نون لیگ نے لانگ مارچ کا نام مہنگائی مارچ رکھ دیا

نون لیگ نے لانگ مارچ کا نام مہنگائی مارچ رکھ دیا
March 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نون لیگ نے لانگ مارچ کا نام مہنگائی مارچ رکھ دیا۔ پلان کے مطابق مارچ کل لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گا۔

شہباز شریف کی زیرصدارت لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں شیڈول میں ردوبدل کے بعد انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھانے کے لیے اہم کارڈ شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے حکومتی اتحادیوں کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل حکومت سے علیحدگی کے اعلان کا کہہ دیا۔ ذرائع نے بتایا آئندہ دو سے تین روز کے اندر اتحادی جماعتوں کی جانب سے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان متوقع ہے۔ لانگ مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کی بڑی وجہ بھی یہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اعلان کے بعد وزیراعظم کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا۔ اگر وزیراعظم استعفیٰ  دیتے ہیں تو  لانگ مارچ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

مسلم لیگ ن نے قیادت کے لیے خصوصی ٹرک تیار کر لیا۔ ٹرک میں 20 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مارچ کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے۔