Saturday, September 14, 2024

نون لیگ نے 18 ارکان پنجاب اسمبلی کی معطلی کے فیصلے کےخلاف ایک اور متفرق درخواست جمع کرا دی

نون لیگ نے 18 ارکان پنجاب اسمبلی کی معطلی کے فیصلے کےخلاف ایک اور متفرق درخواست جمع کرا دی
November 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نون لیگ نے 18 ارکان پنجاب اسمبلی کی معطلی کے فیصلے کےخلاف ہائیکورٹ میں ایک اور متفرق درخواست جمع کرا دی۔

اپوزیشن اتحاد  تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی کوششوں کے خلاف متحرک ہو گئی۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں تمام آپشنز استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے کسی بھی وقت وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق  گورنر پنجاب جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔ ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما اسپیکر کی جانب سے 15 ارکان کی معطلی کے فیصلے کیخلاف عدالت میں ایک اور متفرق درخواست جمع  کرانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔

میڈیا سے بات چیت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہا کہ متفرق درخواست میں کہا گیا ہے اسمبلی تحلیل کرنے کا خدشہ ہے۔ ہمارے وکلا کا وفد چیف جسٹس سے ملاقات کرے گا اور کیس سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا  کرے گا۔

مسلم لیگ  ن  کی  رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کی خلاف وزری کرکے کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عمران خان کے کہنے پر شب خون مارنے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے اپنے ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  ارکان کو جمعہ کو عمران خان کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔