Thursday, May 26, 2022

نون لیگ مخالفوں کیخلاف ہمیشہ انتقامی کارروائیاں کرتی ہے، فرخ حبیب

نون لیگ مخالفوں کیخلاف ہمیشہ انتقامی کارروائیاں کرتی ہے، فرخ حبیب
May 14, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء فرخ حبیب کہتے ہیں نون لیگ مخالفوں کے خلاف ہمیشہ انتقامی کارروائیاں کرتی ہے۔

ہفتہ کے روز سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی تو قوم ساتھ کھڑی ہوگی۔ سیالکوٹ میں کی گئی غنڈہ گردی سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے، حقیقی آزادی کی تحریک جاری رہے گی۔ انکو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ حربے اب پرانے ہو چکے، عوام جاگ چکی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کچھ بھی کر لے عوام کو اپنا حق لینے سے نہیں روک سکتی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ امپورٹڈ وزیر اطلاعات آئے دن ٹی وی پر آ کر اپنے ہی جھوٹوں کا ریکارڈ توڑتی ہیں۔ اپنے ادوار میں ہیلی کاپٹر کو رکشوں کی طرح نہاری، سری پائے ادھر سے ادھر منتقل کرنے والے ہمیں طعنے دے رہے ہیں۔ عمران خان نے کبھی اپنے نجی کاموں اور تحریک انصاف کے لئے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام باشعور ہے، اب کرپٹ عناصر کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ سیالکوٹ میں امپورٹڈ فاشسٹ حکومت نے کھلم کھلا بربریت اور غنڈہ گردی کی، جس مقام پر جلسہ تھا وہاں خواجہ آصف متعدد جلسے کر چکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی تحریک انصاف کے بڑے جلسے دیکھ کر کانپیں ٹانگ گئیں ہیں۔ ن لیگ کی ملک میں ریاستی اداروں کو استعمال کر کے بدامنی اور انتشار کو ہوا دینے کی روش بہت پرانی ہے۔ عدالتوں سے مفرور خاندان، سپریم کورٹ پر حملہ آور اور گالیاں دینے والے کیسز سے فرار اختیار کرنے والے اصل آئین شکنی کے مرتکب ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے، عمران خان نے کبھی کوئی قانون توڑا نہ اس عمل کی ترغیب دی۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ کرپٹ خاندان اور زرداری مافیا نے ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا، ملک کو 30 سالوں سے لوٹنے والے آج عمران خان کے ساڑھے 3 سالوں کا حساب مانگتے ہیں۔ شریف خاندان پر اربوں کی کرپشن کے کیسز ہیں، جواب دینے کے بجائے اپنے کیسز بند کروا رہے ہیں۔ ملک کو دیوالیہ شریف اور زرداری خاندان نے بنایا۔ عمران خان نے ملکی معیشت کو سہارا دیا، مزید بولے کہ عمران خان کی کال پر انشااللہ عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا اور اس امپورٹڈ حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔