Friday, April 19, 2024

نون لیگ کی دس سے پندرہ ناراض حکومتی ارکان کے استعفوں کی تجویز

نون لیگ کی دس سے پندرہ ناراض حکومتی ارکان کے استعفوں کی تجویز
February 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) نون لیگ نے دس سے پندرہ ناراض حکومتی ارکان کے استعفوں کی تجویز دیدی۔

شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ لیگی قیادت نے کہا ناراض ارکان استعفے دیں تو حکومت اکثریت کھو دے گی۔ اپوزیشن عدم اعتماد کی بجائے وزیراعظم سے اعتماد کے ووٹ کا مطالبہ کرے گی۔ پیپلزپارٹی نے کہا اسپیکر نے استعفے قبول نہ کیے تو سبکی ہو گی۔ وزیراعظم سے پہلے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد لائیں۔

بلاول ہاؤس لاہور میں ہونیوالا اعلیٰ سطح کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ سینئراپوزیشن کی  قیادت نے پھر مل بیٹھنے کا اعلان کیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سینئر لیگی رہنماؤں کی قیادت کرتے ہوئے بلاول ہاؤس پہنچے جہاں آصف زرداری اور سینئر پارٹی رہنماؤں نے لیگی رہنماؤں کا استقبال کیا۔ ملاقات میں حکومت مخالف مختلف آپشنز استعمال کرنے پر غور کیا گیا۔ مولانا اسعد محمود کی قیادت میں جے یو آئی کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے بجائے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس  کے مطابق اپوزیشن قیادت نے اتفاق کیا کہ مہنگائی کی آگ عوام کے گھر جلا رہی ہے۔ حکومت کو گھر بھجوا کر عوام کو اس ظلم سے بچایا جا سکتا ہے۔ اپوزیشن قائدین نے کہاعوام کی خواہشات پوری کرنے کے لئے تندہی سے کام کریں گے۔ ان شاءاللہ جلد رزلٹ دیں گے۔ فسطائیت اور آمریت کو پیکا ترمیمی قانون کا نام دیا گیا ہے۔ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادیاں چھیننے والے حکمران سے اقتدار چھین لیں گے۔