Wednesday, September 28, 2022

نون لیگ کو ساڑھے تین سال سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، خواجہ آصف

نون لیگ کو ساڑھے تین سال سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، خواجہ آصف
February 27, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) لیگی رہنما و پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کا کہنا ہے نون لیگ کو ساڑھے تین سال سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے یونین کونسل میانہ پورہ اور مبارک پورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پر غلیظ زبان استعمال کی جارہی ہے۔ لیگی قیادت نے جو قربانیاں دی ہیں، عوام ان کی قدر کریں۔ معاشرے میں جس طرح زہر گھولا جارہا ہے، اس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔ نئی نسل کو ایسا سبق پڑھایا جارہا ہے کہ ایک دوسرے کو گالیاں نکالتے ہیں۔ ہو سکتا ہے ووٹ کے ذریعے یا عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کو گھر بھیج دیں۔

خواجہ آصف نے کہا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا سیاسی اختلاف ضرور ہے لیکن ہم ایک دوسرے سے احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی جو فضاء قائم ہو رہی ہے اسکے نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔ عوام ہم سے پوچھتی ہے کہ اگر اقتدار میں آگئے تو مہنگائی کیسے کم کریں گے۔ بجلی ،گیس اور پٹرول کے ریٹس کس طرح کم کریں گے۔ چار سال بجلی کا وزیر رہا۔ نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے جن میں 2200 میگاواٹ کا ایک منصوبہ اور 1000 میگاواٹ کا دوسرا منصوبہ اب تکمیل کے مراحل میں ہے۔ عمران خان کا کوئی حمایتی بتائے کہ اس نے کونسے نئے منصوبے بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ نئے آنے والے حکمرانوں کو مینڈیٹ نہ دیا گیا تو مسائل پیدا ہو جائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ ہنری کیسنجر کہتا تھا کہ اگر حکومتی لیول پر مسائل پیدا ہو جائیں تو نئے انتخابات کروائے جائیں۔ اس سے مسائل ختم ہو جائیں گے۔ بد دیانتی اور بے ایمانی کے ذریعے آنے والی حکومتیں اپنے لئے کھربوں روپے تو اکٹھے کر لیں گی لیکن ملک کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔