نون لیگ کا ورکر بے یار و مددگار ہے کیونکہ لیڈر فرار ہے، شہباز گل

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات شہباز گل کا کہنا ہے نون لیگ کا ورکر بے یار و مددگار ہے کیونکہ لیڈر فرار ہے۔
شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا بیٹوں اور سمدھی سمیت مفرور اشتہاری کو نیلسن منڈیلا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ چار بار پاؤں پکڑ کر ڈیل کرنے والے جعلی لیڈر ہے۔ صرف کرپشن کے ساتھی ہی انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی سیاست میں بھگوڑوں کی کوئی وقعت نہیں رہی۔ نااہلوں کی ساری بھاگ دوڑ کرپشن کا مال بچانے کیلئے ہے۔ تین ماہ سے ڈیل کی باتیں کررہے تھے بتائیں ڈیل کس سے ملی۔
ڈاکٹر شہباز گِل بولے عوام کے نام پر لوٹ مچانے والوں سے عوام متنفر ہے۔ ن لیگ کے پاس لیڈر کے نام پر کیلبری جعلساز ہے۔ فیبریکیٹڈ خبروں کی فیکٹری ملکہِ جعلساز کے انڈر کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا جانا مہینوں یا ہفتوں کی نہیں، دنوں کی بات رہ گئی، پلان جلد سامنے آئے گا۔ عمران خان اور وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔ کابینہ اور اسمبلی میں انکے ممبران اپنی ہی قیادت کےخلاف بول رہے ہیں۔ حکومت کی کارکردگی بری نہیں، کارکردگی ہے ہی نہیں، عوام کو جتنی جلدی ان سے نجات دلائی جائے بہتر ہے۔