Friday, May 17, 2024

نون لیگ کا سیلز ٹیکس ری فنڈز فوری ادا کرنے کا مطالبہ

نون لیگ کا سیلز ٹیکس ری فنڈز فوری ادا کرنے کا مطالبہ
March 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نون لیگ نے سیلز ٹیکس ری فنڈز فوری ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے یہ عمران صاحب کی لائی"ترقی" کے بھیانک ثمرات ہیں۔  2 سال سے ایف بی آر سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے۔ ریونیو بڑھ گیا ہے تو سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی دو سال سے بند کیوں ہے؟ اربوں روپے کی عدم ادائیگی عمران صاحب کے دعووں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس بند ہونا افسوسناک اور ملک کی معشیت کے لئے خطرناک ہے۔ ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس کا بند ہونا زراعت اور صنعت دونوں کی تباہی کا ثبوت ہے۔ اس سے ‎ملک کی زراعت اور کسان متاثر ہوں گے۔ غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔ ملک میں ٹریکٹر کی قیمت بڑھ جائے گی اور ملک کی فوڈ سکیورٹی متاثر ہو گی۔ زراعت متاثر ہونے سے خوراک کی قلت اور قیمتوں دونوں میں اضافہ ہو گا۔ ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی جو پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور دیہات میں مہنگائی شہروں سے زیادہ ہے۔

عطااللہ تارڑ نے ٹویٹ کیا کہ عمران خان عوام کی حمایت کھو چکے۔ اسکے پیچھے کوئی عالمی سازش نہیں بلکہ مہنگائی، نااہلی اور کرپشن ہے۔ جن کے پاس عمران خان کے دفاع کے لیے کچھ نہیں بچا وہ اب اس کے خلاف "بین الاقوامی سازش" کے مضحکہ خیز تصور کا سہارا لے رہے ہیں۔ تسلیم کر لیا جائے عمران خان بری طرح ناکام ہوا ہے۔