Saturday, May 21, 2022

نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا

نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا
April 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا۔

گورنرہاؤس میں ہونے والی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔ تقریب میں مریم نواز، پارٹی کے دیگر رہنما اور ارکان اسمبلی موجود تھے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا بھی شریک ہوئے۔ حلف برداری کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔ مال روڈ پر گورنر ہاؤس جانے والے راستے بند کر دیئے گئے اور ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نئے وزیر اعلی پنجاب کے حلف کیلئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو نمائندہ مقرر کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے ہاٸی کورٹ کے پہلے دو فیصلوں کی توثیق کی تھی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے پہلے دو فیصلوں کی روشنی میں سپیکر حلف لیں۔ بنیادی حقوق کا تحفظ اس عدالت کی ذمہ داری ہے۔

اس سے قبل حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کے خلاف تیسری مرتبہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ حلف برداری سے متعلق احکامات جاری کر چکی لیکن گورنر پنجاب ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔ استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ وقت اور جگہ کا تعین بھی کرے۔