Thursday, April 25, 2024

نومنتخب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

نومنتخب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
July 31, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نومنتخب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے واثق عباسی سے حلف لیا۔ واثق عباسی گزشتہ روز بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔ اپوزیشن اتحاد نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیے رکھا اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے کاغذات ہی جمع نہ کرائے۔ سیکرٹری قانون کو دئیے گئے پنجاب اسمبلی کے اختیارات دوبارہ سیکرٹری اسمبلی کو دینے کا بل منظور کر لیا گیا۔

اس سے قبل سابقہ حکومت میں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے اختیارات سیکرٹری قانون کو دے دئیے گئے تھے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فیاض الحسن چوہان نے کہا آپریشن ردالسازش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا۔ وزیراعظم کو گھر بھیجنے پر دوسرے مرحلے کی تکمیل ہو گی۔

اجلاس کی کارروائی مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمین محمد شفیع نے اجلاس 15 اگست کی دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دیا۔