Saturday, July 27, 2024

نوجوان تیاری کر لیں، نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، مریم نواز

نوجوان تیاری کر لیں، نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، مریم نواز
August 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز کہتی ہیں کہ نوجوان تیاری کر لیں ، نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈنیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا کیا، قوم 2014 کے دھرنے اور 9 مئی کو اس کا عملی مظاہرہ دیکھ چکی، فتنہ فساد گروپ نے پاکستان میں ڈنڈے اور گالی کی سیاست کو فروغ دیا۔

مریم نواز بولیں کہ مسلم لیگ نون کی اصل طاقت نوجوان ہیں، پارٹی کا مستقبل نوجوان ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے، اب دور نوجوانوں کا ہے، پارٹی ہر سطح پر یوتھ اور اس کے نمائندوں کو آگے بڑھنے کا موقع دے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہر دور میں لیپ ٹاپ، انڈومنٹ فنڈز، یوتھ لون پروگرام اور کھیلوں کے میدانوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے۔ مسلم لیگ ن کے شیروں نے ہر موقع پر فرنٹ لائن واریئرز کا اپنا رول ادا کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پنجاب کے صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈنیٹرز کو نوٹیفکیشن بھی تقسیم کیے۔