Friday, March 29, 2024

حکومت کا جانا مہینوں یا ہفتوں کی نہیں، دنوں کی بات رہ گئی، مریم نواز

حکومت کا جانا مہینوں یا ہفتوں کی نہیں، دنوں کی بات رہ گئی، مریم نواز
January 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ حکومت کا جانا مہینوں یا ہفتوں کی نہیں، دنوں کی بات رہ گئی، پلان جلد سامنے آئے گا۔ 

منگل کے روز میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا عمران خان اور وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔ کابینہ اور اسمبلی میں انکے ممبران اپنی ہی قیادت کےخلاف بول رہے ہیں۔ حکومت کی کارکردگی بری نہیں، کارکردگی ہے ہی نہیں، عوام کو جتنی جلدی ان سے نجات دلائی جائے بہتر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کا وقت ن لیگ طے کرے گی۔ یہ نوازشریف کو بال برابر بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ بدترین حالات کے باوجود ن لیگ نہیں ٹوٹی، ہمارا ایک بھی رکن اسمبلی نہیں ٹوٹا۔ کہا جارہا ہے کہ ن لیگ کے 4 افراد ان سے ملے ہیں۔

مریم نواز بولیں کہ آپ سیاست اور لانگ مارچ پر توجہ دینے کے بجائے سانحہ مری کا جواب دیں، مری میں 36 گھنٹے لوگ برفباری میں دبے رہے، پہلی حکومت ہے جس نے کسی بھی سانحے پر اموات کا ذمہ دار عوام کو ہی ٹھہرایا۔ کیا حکومت کو ایسے چلایا جاتا ہے؟

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ عدالت کے ثبوت مانگنے پر نیب بہانے کررہا ہے۔ نیب نے ایک ماہ بعد سماعت پر بھی التوا مانگ لیا، کیا یہ وہی نیب ہے جس نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپیل کی تھی؟، ان کی کارکردگی ہے ہی نہیں۔ مزید کہا کہ پاکستان کی بقا اور مستقبل آئین اور قانون کے مطابق چلانے میں ہے۔

نیب نے مریم نواز کی بریت کی نئی درخواست پر جواب جمع کروا دیا۔ عدالت نے مریم نواز کے وکیل کو نیب کا جواب دیکھ کر آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔