Thursday, March 28, 2024

نواز شریف پر پابندی ہٹانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، عمران خان

نواز شریف پر پابندی ہٹانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، عمران خان
August 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نواز شریف پر پابندی ہٹانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

عمران خان نے زوم سیشن میں فنکاروں اور شہریوں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نااہل کر کے ستمبر میں نوازشریف کو پاکستان لانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ یہ پہلے مجھے  نااہل کرائیں گے پھر آفر کریں گے کہ عمران خان اور نوازشریف کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیتے ہیں۔ ایسی کسی ڈیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

سوشل میڈیا پر لائیو سیشن پر سوالات کے جواب دیتے عمران خان نے کہا توشہ خانہ سمیت ان کےخلاف تمام کیسز عدالت میں جائیں گے تو ختم ہوجائیں گے۔ تحریک انصاف کو فوج سے لڑانے کی مہم چلائی جارہی ہے۔ جو فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کرے گا ملک دشمنی کرے گا۔ شہبازگل نے جو بیان دیا اس میں ایک جملہ قابل اعتراض تھا۔

وفاقی حکومت کو مذاکرات کی مشروط دعوت دیتے ہوئے عمران خان نے کہا ہمارے دروازے مذاکرات کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ الیکشن کا اعلان کر دیں تو پی ڈی ایم سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو گیا تو ہم صوبائی حکومتیں ختم کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن کا نام الیکشن کمیشن آف پی ایم ایل این ہونا چاہئے۔

عمران خان نے کہا انہیں آزاد میڈیا سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ انہیں صرف فیک نیوز سے مسئلہ تھا۔