Wednesday, April 24, 2024

نواز شریف نے سی پیک، عمران خان نے جی پیک بنایا، مریم نواز

نواز شریف نے سی پیک، عمران خان نے جی پیک بنایا، مریم نواز
July 5, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ نواز شریف نے سی پیک جبکہ عمران خان نے جی پیک بنایا۔

مریم نواز نے سیاست میں جی پیک کی اصطلاح متعارف کرادی، کہتی ہیں نوازشریف نے قوم کیلئے سی پیک بنایا عمران خان نے جی پیک دیا۔

پی پی 170 لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ آج حمزہ شہباز نے 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر بل معاف کردیا، اب سب کچھ چلے گا مگر بل نہیں آئے گا۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کسی نے ساتھ چھوڑا بھی تو نوازشریف پر الزام نہیں لگایا۔ جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان، عظمیٰ کاردار اور امین چودھری توبہ توبہ کرکے اس جماعت سے نکلے۔

مریم نواز نے کہا ڈونلڈلو کا نام لے کر بدنام کرتا رہا پھر اس سے معافی بھی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کرسی گئی تو عمران خان نے سازش کا شور مچا دیا، نواز شریف اور دیگر جماعتوں کو غدار کہتا رہا، دکھاوے کیلئے مذہب کو استعمال کیا۔

مریم نواز نے کہا اپنے مخالفین پر جھوٹے الزام لگائے، سیاست کا پالا ایسے شخص سے پڑ گیا جو تاریخ کا سب سے بڑا فتنہ ہے۔ عمران خان پنجاب کی ترقی کا دشمن ہے، پنجاب کا سارا مال بنی گالہ جاتا رہا۔