Tuesday, April 23, 2024

نواز شریف کو تو ابھی لیول پلیئنگ فیلڈ ملی ہی نہیں، مریم نواز

نواز شریف کو تو ابھی لیول پلیئنگ فیلڈ ملی ہی نہیں، مریم نواز
November 1, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے نواز شریف کو تو ابھی لیول پلیئنگ فیلڈ ملی ہی نہیں۔

مریم نواز نے لندن میں نیوز کانفرنس میں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تمہارا لیول تب سامنے آئے گا جب نواز شریف کلیئر ہو کر آئے گا۔ تم نے توسیع لینے کیلئے نہ ماننے پر میر جعفر کا خطاب دے دیا۔ الیکشن کی تاریخ نہ لے سکا تو لانگ مارچ شروع کر دیا۔ اس کا ایک ہی ہدف ہے آرمی چیف کے تقرر میں رخنہ ڈالنا۔ یہ پلان بھی ناکام ہو گا۔ وزیراعظم تقرر آئین کے مطابق کریں گے۔

 مریم نواز نے کہا عمران خان نے توشہ خانے سے سستے تحائف لے کر مہنگے بیچے۔ اس نے نااہلی ختم ہونے کا جھوٹ بولا، عدالت نوٹس لے۔ یہ چاہیں دو لاکھ لوگ اسلام آباد لے آئیں جتھوں سے بات نہیں ہو گی۔ جو شخص خونی انقلاب کی بات کرتا ہے اس کی بات کیوں سنیں؟ جب سیاست میں مداخلت بند ہوئی تو عمران خان  منہ کے بل آگرا۔ عمران خان کا پارٹ ٹائم لانگ مارچ دو گھنٹے میں ختم ہو جاتا ہے۔ گوجرانوالہ والے گھنٹہ گھر کی گھڑی کی حفاظت کریں وہاں گھڑی چور پھر رہا ہے۔