Wednesday, April 24, 2024

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں : وزیراعظم

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں : وزیراعظم
October 24, 2016
اسلام آباد(92نیوز)برطانیہ نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کےلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گےجبکہ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن نہیں آسکتا ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں بھارت کنٹرول لائن پر مسلسل سیز فائر معاہدہ توڑ رہا ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف سے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سرمارک لائل گرانٹ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مارک لائل گرانٹ نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھےں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام  پاک فوج اور حکومت کے ساتھ ہیں ۔۔پاکستان خطے میں قیام امن اور ہمسائیہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتاہے ۔۔لیکن بھارت لائن آف کنٹرول پرسیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔۔۔کشمیر میں مظالم کے حوالے وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا اور پاکستان،بھارت کے درمیان کور ایشو ہے۔ اس مسئلے کو حل کئے بغیر امن نہیں آسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ دوسری طرف وزیراعظم میاں نواز شریف سے آئی ایم ایف کی سربراہ نے بھی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے ۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور پاکستان سے متعلق انکی کارکردگی کو سراہا ۔ واضح رہے کہ دس سال بعد آئی ایم ایف کی سربراہ نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔