Friday, May 3, 2024

نو منتخب برطانوی وزیراعظم لزٹرس پر حکومتی ارکان پارلیمنٹ کا اظہارِ عدم اعتماد

نو منتخب برطانوی وزیراعظم لزٹرس پر حکومتی ارکان پارلیمنٹ کا اظہارِ عدم اعتماد
October 17, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - برطانیہ میں جاری سیاسی بحران تھم نہ سکا، 100 سے زائد حکومتی ارکان پارلیمنٹ نے نو منتخب وزیراعظم لزٹرس پر عدم اعتماد کا اظہارکردیا۔

6 ستمبر کو وزیراعظم بننے والی لزٹرس کو صرف ڈیرھ ماہ میں ہی سیاسی بقا کی جنگ کا سامنا ہے، ٹیکسوں کی کٹوتی پر فنانشل مارکیٹس اور حکومتی جماعت میں اٹھنے والا طوفان وزیر خزانہ کو برطرف کرنے سے بھی تھم نہ سکا۔

برطانوی اخبارات کے مطابق حکومتی کنزرویٹو جماعت کے 100 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے برطانوی وزیر اعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے اور رواں ہفتے ہی پارٹی کمیٹی برائے لیڈرشپ نامزدگی، گراہم بریڈی کو عدم اعتماد کا خط لکھنے کیلئے تیار ہیں۔ کچھ حکومتی ارکان نے لزٹرس کو ہٹا کر نیا وزیراعظم لانے کیلئے خفیہ ملاقات بھی کی۔

خط میں حکومتی ارکان، کمیٹی کے سربراہ گراہم بریڈی پر لز ٹرس کو ہٹانے کیلئے زور دینگے، دوسری صورت میں پارٹی قوانین میں تبدیلی کرنے کا کہا جائے گا تاکہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جاسکے۔

دوسری جانب گراہم بریڈی حکومتی ارکان کی تحریک کی مخالفت کررہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ وزیراعظم لز ٹرس اور جیرمی ہنٹ کو بجٹ پیش کرنے تک موقع ملنا چاہیے۔

ادھر ٹین ڈائوننگ سٹریٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایسی تحریک کی صورت میں عام انتخابات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں سیاسی و معاشی بحران جاری ہے اور ابتک 3 برطانوی وزیراعظم تبدیل ہو چکے ہیں۔