Friday, May 3, 2024

ایم کیو ایم میں مائنس ون نہیں‘ پارٹی ایک ہی ہے : حسن عارف

ایم کیو ایم میں مائنس ون نہیں‘ پارٹی ایک ہی ہے : حسن عارف
October 15, 2016

کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر عارف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان یا ایم کیوایم لندن کوئی چیز نہیں۔ ایم کیوایم ایک ہی ہے۔ متحدہ میں مائنس ون نہیں ہو سکتا۔ ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور دفاتر کھولے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ موجودہ رابطہ کمیٹی کو بانی ایم کیو ایم نے کل رات بنایا۔ ایم کیو ایم مائنس ون نہیں ہے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر عارف نے کہا بیشتر لوگ ہمیں مائنس ون قرار دے چکے تھے آج کی پریس کانفرنس ان کیلئے جواب ہے۔

انہوں نے کہا رابطہ کمیٹی کے سینئر لوگوں نے خود کو بچانے کے لیے جو کچھ کیا وہ ناقابل فرامو ش ہے۔ قائد کے نام پر آسائشیں اور مراعات حاصل کرنے والوں نے آج ان سے ہی قطع تعلق کر لیا۔ حسن ظفر نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان یا ایم کیو ایم لندن کوئی چیز نہیں ایم کیوایم ایک ہی ہے اورایک ہی رہے گی۔ نائن زیرو اور متحدہ کے دفاتر کی بندش کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا ایم کیو ایم کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بانی تحریک کے نام پر ووٹ ملے۔ پریس کانفرنس کی ساری باتیں ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کو فون پر لندن میں سنوائی گئیں۔ رہنماو¿ں کے پیچھے کھڑا کارکن اپنے موبائل سے پریس کانفرنس لندن سنواتا رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم لندن سیکرٹریٹ نے بارہ رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کے قیام کااعلان کیا تھا۔ عبوری رابطہ کمیٹی میں پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفر عارف‘ ساتھی اسحاق‘ امجداللہ خان، کنور خالد یونس‘ اشرف نور‘ اکرم راجپوت‘ اسماعیل تارا‘ ادریس علوی اور مومن خان مومن شامل ہیں۔

عبوری رابطہ کمیٹی اوورسیز میں ندیم احسان، واسع جلیل، مصطفیٰ عزیز آبادی شامل کئے گئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر پریس کلب میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ رینجرز نے عمارت کے دروازے پر آنے جانے والوں کی تلاشی لی۔