Friday, April 19, 2024

اوکاڑہ : تین لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کیس پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی

اوکاڑہ : تین لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کیس پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی
October 21, 2016
اوکاڑہ(92نیوز)اوکاڑہ میں تین لڑکیوں کےساتھ اجتماعی زیادتی کیس پر کوئی پیش رفت ہوئی نہ  ہی پولیس کوئی ملزم گرفتار کرسکی پارلیمانی سیکریٹری رانا ارشد کا کہنا ہے کہ پولیس کی کوتاہی ہوئی تو کٹہرے میں لائیں گے۔ تفصیلات کےمطابق اوکاڑہ میں محنت کش پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے درندہ صفت ڈاکوؤں نے جہیز کے ساتھ ساتھ تین لڑکیوں کی عزت لوٹ کر انہیں جیتے جی مار دیا عوام کے محافظ ملزموں کو ابھی تک گرفتار کرنے میں ناکام ہیں۔ افسوسناک واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے کر ملزموں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ اوکاڑہ پولیس نے خادم اعلیٰ پنجاب کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔ پولیس پہلے تو لیت و لعل سے کام لیتی رہی لیکن جب دباؤ بڑھا تو پھر چار نامعلوم افراد کے خلاف اجتماعی زیادتی اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 918 درج کیا۔ جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے پولیس نے ڈی پی او اوکاڑہ کے حکم پر ایف آئی آر سیل کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو بھی منظرعام سے غائب کر دیا۔ آر پی او ساہیوال رستم چوہان نے ایف آئی آر سیل کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے روایتی بیان داغ دیا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی رانا ارشد نے کہا کہ معاملے کو اٹھانے پر نائنٹی ٹو نیوز کے شکر گزار ہیں  پولیس کی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈکیتی اور اجتماعی زیادتی کی واردات کو چھپانے کی مبینہ وجہ واقعہ میں دیپالپور کی اہم شخصیت کا ملوث ہونا ہے۔