Friday, May 3, 2024

کوئی شعبہ لاہور منتقل نہیں کیا جا رہا : مرکزی بینک

 کوئی شعبہ لاہور منتقل نہیں کیا جا رہا : مرکزی بینک
October 15, 2016
کراچی (92نیوز) اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے مرکزی بینک کا کوئی بھی شعبہ لاہور منتقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ آپریشنل وجوہات کی بنا پر کچھ ذیلی دفاتر لاہور منتقل ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے کچھ شعبہ جات کی لاہور منتقلی کی خبر پر سندھ حکومت کا رد عمل آنے کے بعد اسٹیٹ بینک وضاحت دینے پر مجبور ہو گیا۔ مرکزی بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شعبہ لاہور منتقل نہیں کیا جا رہا تاہم کارکردگی میں بہتری کیلئے فنکشنل شعبوں کا آپریشنل حصہ لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ لاہور کا انتخاب خالصتاً جگہ کی دستیابی اور افرادی قوت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے کھاتوں کی کنسولیڈیشن، ریونیو کی وصولی اور حکومتی ادائیگیوں کی انجام دہی کراچی سے جاری رہے گی۔ نیز کمرشل بینکوں اور دیگر مالی ادارے بھی کراچی میں کام کرتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ سبسیڈیئری کا صدر دفتر بھی مکمل طور پر کراچی میں کام کرتا رہے گا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے بینک نوٹوں کی ترسیلات کے ساتھ ساتھ تمام دفاتر کو سکوں کی تقسیم کا انتظام بھی لاہور آفس کی جانب سے انجام دیا جاتا ہے کیوں کہ کرنسی آپریشنز کا بڑا حصہ مرکزی و شمالی علاقوں میں انجام پاتا ہے اس لئے لاہور سے ان آپریشنز کا انتظام چلانے کے نتیجے میں موثر نگرانی اور پاکستان ریلوے کے ساتھ رابطہ کاری میں بہتری آئے گی۔