Friday, March 29, 2024

نگران سیٹ اپ کے بعد تعیناتیاں حالات بگاڑنے، من پسند نتائج کے حصول کیلئے ہیں، شاہ محمود

نگران سیٹ اپ کے بعد تعیناتیاں حالات بگاڑنے، من پسند نتائج کے حصول کیلئے ہیں، شاہ محمود
January 25, 2023 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی نے فواد چودھری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا نگران سیٹ اپ کے بعد کی گئی تعیناتیاں حالات مزید بگاڑنے اور من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے ہیں۔

بدھ کے روز ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ملک کو استحکام کی طرف لانا چاہتے ہیں۔ سنجیدہ عناصر سمجھ رہے ہیں کہ مزید خاموشی ملکی مفاد میں نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان اقدامات سے آئندہ انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ملک معاشی بحران سے دوچار ہے، ایسے میں سیاسی بحران مزید بگاڑ پیدا کرے گا۔ ہم نے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر کے دستیاب سیاسی آپشن کو استعمال کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے جبکہ شہباز شریف کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔ حالیہ سروے میں عوام نے فوری الیکشن کا مطالبہ کیا، حکومت کی حلیف ایم کیو ایم نے بھی کراچی کے بلدیاتی الیکشن کو مسترد کیا۔